جماعت اسلامی کا غزہ میں جاری مظالم کیخلاف 26 اپریل کو ہڑتال کا اعلان

Apr 19, 2025 | 12:00:PM

(24نیوز)غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی المیے پرامیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالمی برادری، مسلم دنیا اور انسانی حقوق کے علمبردار اداروں کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے،انہوں نے اعلان کیا کہ ”26 اپریل کو فلسطین میں ہونے والے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال کی جائے گی ۔“ تمام اسٹک ہولڈرز سے گزارش ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں۔

منعم ظفر نے کہا کہ ”تیرہ اپریل کو کراچی والوں نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔“ ان کا کہنا تھا کہ غزہ اس وقت ایک قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، جہاں 90 فیصد علاقے کو تباہ کیا جا چکا ہے،انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ”عالمی عدالت کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، اقوام متحدہ، عالمی ادارے، حتیٰ کہ او آئی سی اور عرب لیگ بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔“ انہوں نے او آئی سی کو ”عملاً مردہ گدھا“ قرار دیا اور کہا کہ عرب لیگ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ ”غزہ میں حماس کے مجاہدین اسرائیلی جارحیت کے خلاف اب بھی ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ سے نکلیں۔ پورا غزہ آج بھی حماس کی پشت پر کھڑا ہے۔“انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی دہشت گردی کے پیچھے امریکا ہے، جو دنیا کو انسانی حقوق کا درس دیتا ہے مگر خود ان کی دھجیاں اڑا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ”اگر پاکستان، ترکی اور ملائشیا فیصلہ کرلیں تو یہ ظلم روکا جا سکتا ہے۔“ منعم ظفر نے پاکستانی عوام، بالخصوص کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

مزیدخبریں