آئی پی ایل:ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کا معاوضہ کروڑوں میں کارکردگی ناقص،کون ہیں وہ؟

Apr 19, 2025 | 20:07:PM

(ویب ڈیسک) بھارت میں کھیلی جانیوالی انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو کروڑوں میں قیمت لگا کر خریدا گیا لیکن لیگ میں شامل کھلاڑیوں کی کارکردگی نہایت ہی نچلے درجے کی ہے،ان میں روہت شرما، رشبھ پنت، رنکو سنگھ، آندرے رسل، گلین میکسویل، مارکس اسٹونیس جیسے لیجنڈز شامل ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق  22 مارچ کو شروع ہونے والی یہ لیگ اب تقریباً نصف حصہ کو عبور کر چکی ہے۔ آئی پی ایل میں شامل ممبئی انڈینز نے روہت شرما کو 16.30 کروڑ میں برقرار رکھا ہے۔ بھارت کیلئے دو آئی سی سی ٹرافی جیتنے والے روہت  شرماممبئی انڈینز کی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے ہیں۔ وہ 5 میچوں میں صرف 56 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ اس سیزن میں ان کا بہترین اسکور 18 رنز رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر ممبئی انڈینز نے اس سیزن میں 6 میں سے صرف 2 میچ جیتے ہیں تو اس کی ایک وجہ روہت کی خراب کارکردگی ہے۔اسی طرح لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان رشبھ پنت کی حالت بھی خراب ہے۔ آئی پی ایل کی نیلامی میں 27 کروڑ روپے کی قیمت رکھنے والے یہ کھلاڑی رواں سیزن میں 7 میچوں میں صرف 103 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ اس میں 63 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔ اگر ہم اس پچاس کو ایک طرف چھوڑ دیں تو پنت باقی چھ میچوں کی 5 اننگز میں صرف 40 رنز ہی بنا پائے تھے۔
 غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل افغانستان کے راشد خان کو موجودہ وقت کا بہترین لیگ اسپنر مانا جاتا ہے لیکن آئی پی ایل 2025 میں ان کا جادو کام نہیں کر سکا۔گجرات ٹائٹنز نے راشد خان کو 18 کروڑ روپے میں برقرار رکھا۔ اب ٹیم کو ان سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ راشد خان اب تک 6 میچوں میں صرف 4 وکٹیں لے سکے ہیں۔پنجاب کنگز نے مارکس اسٹونیس کو 11 کروڑ روپے میں خریدا لیکن آسٹریلوی آل راؤنڈر توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔ اسٹونیس اب تک 5 میچوں کی 4 اننگز میں صرف 59 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ انہوں نے ہر میچ میں بولنگ بھی کی لیکن ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔گلین میکسویل بھی آئی پی ایل 2025 میں فلاپ رہے، وہ 6 میچوں کی 5 اننگز میں صرف 41 رنز ہی بنا سکے۔ تاہم انہوں نے 4 وکٹیں لے کر کسی حد تک اس کی تلافی کی ہے۔ لیکن پنجاب کنگز کو ان سے بہتر بلے بازی کی توقع ہے جس میں وہ ناکام رہے ہیں۔ ہاں، ایک بات طے ہے کہ میکسویل اس بار مہنگے ترین کھلاڑیوں کی ٹاپ-50 فہرست میں بھی نہیں ہیں۔ اس کی وجہ سے شاید ان پر قیمتوں کا دباؤ کم ہو جائے لیکن توقعات کا دباؤ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔آندرے رسل بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے اب تک اپنی فرنچائز کو مایوس کیا ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آندرے رسل کو 12 کروڑ میں برقرار رکھا۔ آندرے رسل کی کارکردگی زیادہ تر گلین میکسویل جیسی رہی ہے۔ انہوں نے عمدہ بولنگ کی مہارت کا مظاہرہ کیا اور 7 میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن رسل جس دھماکہ خیز بلے بازی کے لیے مشہور ہیں اس کا ٹریلر ابھی تک نہیں دکھایا گیا۔ رسل نے اب تک 7 میچوں کی 5 اننگز میں 34 رنز بنائے ہیں جس میں ان کے بہترین 17 رنز ہیں۔
چنئی سپر کنگز نے رویندر جڈیجہ کو 18 کروڑ میں برقرار رکھا اور روی چندرن اشون کو 9.75 کروڑ میں خریدا۔ بھارت کے یہ دونوں لیجنڈز اپنی شبیہ کے مطابق نہیں کھیل سکے۔ جڈیجہ نے 7 میچوں میں 92 رنز بنائے اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ آر اشون نے 6 میچوں میں 12 رنز بنائے اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ کارکردگی بہت بری نہیں ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ یہ ٹیم کو جتوا سکے۔
ممبئی انڈینز کے ٹرینٹ بولٹ، جیک فریزر میک گرک اور دہلی کیپٹلز کے مکیش کمار، رائل چیلنجرز بنگلور کے لیام لیونگ اسٹون بھی 8 کروڑ سے زیادہ کی قیمت کے ساتھ آئی پی ایل 2025 میں کھیل رہے ہیں۔ لیکن ان میں سے کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی۔ ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ میں 100 رنز نہیں بنا سکا اور نہ ہی 5 وکٹیں لے سکا۔ ٹرینٹ بولٹ، جن کی مالیت 12.50 کروڑ روپے ہے، صرف 5 وکٹیں لے سکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایسا کیا ہوا کہ دلہن بھاگ گئی، بدنصیب دولہا انتظار کرتا رہا
 

 

 
 

مزیدخبریں