امریکی طیارے سے گرنے والا ڈاکٹر نکلا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)کابل میں جہاز کے ساتھ لٹک کر امریکا جانے کی کوشش میں گر کر ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص کی شناخت ہو گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والے شخص کا نام فدا محمد تھا اور وہ پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر اور ضلع پغمان کے رہائشی تھے۔ڈاکٹر فدا محمد شہید اسکوائر کے نجی ہسپتال میں کام کرتے تھے۔ مرحوم کی اسی روز تدفین کردی گئی ۔
مرحوم فدا محمد کے والد پائندہ محمد نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ان کے بڑے بیٹے تھے جن کو بڑی مشکل سے تعلیم دلوائی اور ڈاکٹر بنایا۔ ایک سال قبل ہی فدا محمد کی پسند کے مطابق شادی کی گئی تھی، بقول ان کے شادی پر بہت خرچہ ہو گیا تھا اور فدا محمد پر قرضہ چڑھ گیا تھا، اسی لئے وہ ہمیشہ باہر جانے کی فکر میں رہتا اور بیرون ملک جانے کے طریقے تلاش کرتا۔
فدا کے والد نے بتایا کہ طالبان کی آمد کے دوسرے دن وہ گھر سے نکلا اور ہم یہی سمجھے کہ وہ کام پر گیا ہے، گھر نہ آنے پر فون کیا تو نمبر بند تھااور پھر ڈیڑھ گھنٹے بعد فون آیا کہ یہ فون جہاز سے گرنے والے کی جیب میں تھا۔ پائندہ محمد کے مطابق انہیں اس وقت بھی امید تھی کہ شاید وہ بچ گیا ہو، تاہم وہاں پہنچا تو بیٹے کی لاش ملی۔
یاد رہے کہ پیر سولہ اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ہزاروں لوگ ایئرپورٹ کی طرف بھاگے کیونکہ یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ افغانوں کو بغیر ویزے کے امریکا لے جایا جا رہا ہے،سینکڑوں لوگ فوجی طیارے میں گھس گئے تھے جبکہ جن کو جگہ نہ ملی تو جہاز کے ساتھ لٹک گئے، جہاز کے اڑان بھرنے کے بعد کچھ افراد جہاز سے گرتے دیکھے گئے اور اس ہولناک منظر کی ویڈیوز بھی بنیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کابل سے مسافروں کو لیکر پاکستان پہنچ گیا