(24 نیوز)ملک بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ہر بڑے اور چھوٹے شہر میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے گئے جس میں عزاداران نے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا۔
جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند رہی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔
کراچی میں دس محرم الحرام عاشورہ کی مرکزی مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں نمائش چورنگی، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاوس کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔
راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی جلوس ذوالجناح و علم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
اسی طرح پشاور، ملتان، حیدر آباد، سکھر، بنوں اور دیگر شہروں میں بھی محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔
یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، لاہور، کراچی، راولپنڈی سمیت بڑے شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس بند رہی۔ کئی شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: روہڑی سٹیشن پر عزادار چلتی ٹرین کی چھت سے گر گیا۔۔ پولیس اہلکار نے کیسے بچا لیا۔۔ویڈیو وا ئرل