کولکتہ ریپ کیس،محسن عباس حیدر نے دنیابھرکی خواتین سے معافی مانگ لی

میں31 سالہ خاتون ڈاکٹر کے والدین کے لیے بھی انصاف کا مطالبہ  کرتاہوں

Aug 19, 2024 | 11:47:AM

(ویب ڈیسک)بھارت  کے شہر کولکتہ میں  پیش آنے والے  ریپ کیس کے خلاف ہرطبقہ سراپااحتجاج ہے،اب معروف اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے بھی اس کے خلاف  آواز بُلندکرتے ہوئے دنیابھرکی خواتین سے معافی مانگ لی ہے۔

 بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیاتھا۔

کولکتہ ریپ کیس کے خلاف بھارت میں بالی ووڈ سٹارز بھی سراپااحتجاج ہیں،اب کئی پاکستانی فنکار بھی سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی خاتون ڈاکٹر کے حق میں آواز اُٹھاتے ہوئے انصاف کامطالبہ کررہے ہیں،ان فنکاروں میں سجل علی اوردیگر کے بعد معروف اداکارومیزبان  محسن عباس حیدر بھی شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پراس حوالے سے ایک خصوصی پوسٹ کی ہے۔

 محسن عباس حیدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے دردناک واقعہ  پر میں دنیا کی ہر عورت سے معافی مانگنا چاہتا ہوں،میں31 سالہ خاتون ڈاکٹر کے والدین کے لیے  انصاف کا مطالبہ  کرتاہوں۔

یہ بھی پڑھیں:کولکتہ ریپ کیس کے خلاف بالی ووڈ فن کار بھی سراپااحتجاج

واضح رہے کہ کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ کو ہسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں