سولر پینلز اب مقامی سطح پر تیار ہوں گے ، پنجاب حکومت کا چینی کمپنی کیساتھ معاہدہ طے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب حکومت کا چینی سولر کمپنی کیساتھ صوبے میں سولر پینل کی تیاری اور اسمبلی پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے تعاون سے صوبائی حکومت کے ساتھ چینی سولر کمپنی کا پنجاب میں سولر پینل کی تیاری اور اسمبلی پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا،پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چینی کمپنی “اے آئی کے او کے ساوتھ پیسیفک ریجن کے صدر ایلکس ہینگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔
صوبائی وزیر شافع حسین نے اس موقع پر کہاکہ چینی کمپنی پنجاب میں پہلی سولر پینلز بنانے والی فیکٹری لگائے گی جو اپنی مصنوعات مقامی مارکیٹ میں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمد بھی کرے گی، صنعتوں اور گھروں کو مہنگی بجلی سے بچانے کا واحد حل شمسی توانائی کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ مہینوں میں سولر انرجی کے فروغ کے لیے 21 غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی گئی ہے، پنجاب میں کئی کمپنیوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ حکومت نے بھی شمسی توانائی کے شعبے میں کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت 7000 ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر چلانے اور کم آمدنی والے افراد کو مفت یا آسان اقساط پر سولر پینل فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے پنجاب میں سولر پینل ٹیسٹنگ لیب کے قیام اور شیخوپورہ میں گارمنٹس سٹی کو سولرائز کرنے کی خوشخبری بھی سنائی۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابوپا کر ہی محفوظ اور مضبوط پاکستان کی تعمیر ممکن ہے۔