خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن ۔۔۔ پانچ نشستوں کے نتائج موصول

Dec 19, 2021 | 22:38:PM

(24 نیوز)خیبر پختونخوا میں ہونےوالے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتک پانچ نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں ،صوابی کی تحصیل رزڑ سے اے این پی جبکہ بنوں کی تحصیل میریان سے آزاد امیدوار نے میدان مار لیا ہے ، دونوں نشستوں پر تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ادھرہنگو میں آزاد امیدوارعامر غنی،ہنگونیبرہوڈکونسل میں آزادامیدوار شاہ ایاز، تحصیل چیئرمین گاگرہ میں پی ٹی آئی امیدوار کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع صوابی کی تحصیل رزڑ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔اے این پی کے امیدوار غلام حقانی 22 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار بلند اقبال ترکئی 13 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
دوسرا نتیجہ ضلع بنوں کی تحصیل میریان کاہے جہاں آزاد امیدوار نے میدان مارا ہے۔ تحصیل چیئرمین میریان کی نشست پر آزاد امیدوار پیر کمال شاہ 11 ہزار 885 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے شاہد خان چھ ہزار 370 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ہنگو میں تحصیل چیئرمین کی نشست پر آزادامیدوار عامر غنی 14500 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ جے یو آئی کے مولانا محمد قاسم 12294 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ،ہنگو نیبرہوڈکونسل زنکی بانڈہ میں آزادامیدوار شاہ ایاز247 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوگئے،نورسیف 92 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔اسی طرح تحصیل چیئرمین گاگرہ میں پی ٹی آئی کے سید سالار جہان 9344 ووٹ لیکر کامیاب، جے یو آئی ف کے رشید احمد4975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی  جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہی۔ قبائلی اضلاع کے عوام نے پہلی بار اپنا حق رائے دیہی استعمال کیا۔پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔صوبے میں کل 9 ہزار 223 پولنگ سٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے جبکہ دوسری طرف خیبرپختونخوا میں سٹی میئر اور تحصیل چیئر مین کیلئے 65 سیٹوں پر 676 امیدوار ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:  تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا معاملہ پھر الجھ گیا۔۔نیا نوٹی فکیشن جاری۔۔طلبا پریشان

مزیدخبریں