(24 نیوز) سائفر آڈیو لیک سکینڈل میں عمران خان کی ایف آئی اے میں طلبی کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔
لاہور میں ہائیکورٹ میں سائفر آڈیو لیک سکینڈل میں عمران خان کی ایف آئی اے میں طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے نے عمران خان کی طلبی کیخلاف درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عمران خان کو ایف آئی اے انکوائری میں پیش ہونا چاہیے۔
ایف آئی اے نے اپنے جواب میں کہا کہ عمران خان کو سائفر انکوائری میں شامل ہونے کی ہدایت کی جائے، عمران خان کی درخواست ناقابل سماعت ہے، عمران خان جان بوجھ کر انکوائری میں شامل ہونے سے گریز کر رہے ہیں، عمران خان قانونی انکوائری میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، ایف آئی اے نے عمران کو نوٹس قانون کے مطابق بھیجا، معاملہ حساس نوعیت کا ہے اسلیے ایف آئی اے نے انکوائری کمیٹی بنائی، یہ معاملہ اسلام آباد کے دائرہ اختیار میں ہے۔
عمران خان کے وکیل نے دلائل دینے کے لئے وقت مانگ لیا اور کہا کہ کیس کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد کی جائے۔ جس پر عدالت نے کیس کی سماعت جنوری تک ملتوی کر دی۔