(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ایم پی ایز نے پی ڈی ایم صدر مولانا فضل الرحمان کیخلاف خیبرپختونخوا کمیشن برائے وقار نسواں کو خط لکھ دیا۔
خواتین ایم پی ایز کا پی ڈی ایم صدر مولانا فضل الرحمان کیخلاف خط میں کہنا تھا کہ صدر پی ڈی ایم نے پچھلے کئی مہینوں سے تحریک انصاف خواتین کیلئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ،وقارنسواں کمیشن خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے معاملے کا نوٹس لے ۔وقار نسواں کمیشن یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ باقاعدہ طور پر اُٹھائیں یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے خواتین کے بارے میں نازیبا زُبان کا استعمال کیا ہے ۔
پی ڈی ایم صدر نے اپنے پریس کانفرنسز اور ریلیوں کے دوران کئی دفعہ خواتین کو بدتمیزی کا نشانہ بنایا، چونکہ جے یو آئی کا اپنا خواتین ونگ فعال نہیں، اس لئے ان کو خواتین کی تمیز نہیں ۔اقتدار کی لالچ میں ایسے لیڈرز خواتین بارے اسلامی و اخلاقی اقدار کو بھول جاتے ہیں۔سیاسی جماعت کے لیڈر کا خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال اور بڑھاوا قابل افسوس ہے ۔ایسے ماحول میں خواتین کا جمہوری عمل کا حصہ بننے میں دُشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ خواتین کی کردار کشی اور اُن پر کیچھڑ اُچالنا ہرصورت قابل قبول نہیں۔
واضح رہے خط پر چئیرپرسن پارلیمنٹری ویمن ڈاکٹر سمیرا شمس، ایم پی اے مدیحہ نثار، عائشہ بانو، عائشہ نعیم، ساجدہ حنیف، آسیہ صالح خٹک نےدستخط کئے۔