گورنر پنجاب کی وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کر دی ۔
گورنر پنجاب کے دستخطوں سے جاری حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر کافی دنوں سے یہ بات گردش کر رہی ہے کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اپنے پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین اور اپنی پارٹی کے ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔گذشتہ کچھ ہفتوں سے دونوں حکومتی اتحادی جماعتوں کے مابین سیاسی سٹریٹیجی، اسمبلی کی تحلیل، ترقیاتی سکیموں اور سرکاری افسروں کی ٹرانسفر کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے اختلافات ہو چکے ہیں ۔
حکمنامے میں مزید کہاگیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے ایک رکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کو کابینہ میں شامل کیا لیکن پی ٹی آئی چیئرمین نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا جس سے دونوں جماعتوں میں اختلافات صاف ظاہر ہیں ،کابینہ کے ایک رکن سردار حسنین بہادر دریشک کی کابینہ اجلاس کے دوران تلخ کلامی ہوئی جس پر وہ مستعفی ہو گئے، یہ بھی اختلافات کا شاخسانہ ہے۔
گورنر پنجاب کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے 4 دسمبر کو ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ آئندہ مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں کرینگے ،وزیراعلیٰ کا یہ بیان پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کیخلاف تھا جس پر 2 ارکان مستعفی بھی ہو گئے ۔
17 دسمبر کو وزیراعلیٰ نے عمران خان کی جانب سے سابق آرمی چیف کیخلاف کمنٹس دینے پر انٹرویو میں عمران خان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا ،پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومتی اتحاد اور اپوزیشن اتحاد میں بہت کم عددی فرق ہے ،میں بطور گورنر اس بات پر متفق ہوں کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں ،اس لئے آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت میں بدھ 21 دسمبر کو سہ پہر 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرتا ہوں جس میں وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا چیئرمین پی ٹی اے کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ