(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران سیاسی پارٹیوں کے عوام سے کیے جھوٹے وعدے اور دعوے دنیا کا آٹھواں عجوبہ ہیں، قوم اب جھوٹے وعدوں، دعوؤں سے گمراہ نہیں ہو سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ تینوں بڑی پارٹیوں نے سیاسی، آئینی اور معاشی بحران میں اضافہ کیا، سیاسی پارٹیاں اور ملک چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے نااہل اور نالائقوں حکمرانوں نے عوام کے ساتھ ہمیشہ دھوکہ کیا۔ شفاف جمہوریت میں سب سے بڑی رکاوٹ جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: عوامی مسائل کا ادراک ، ملک کو خوشحال بنائیں گے ، آصف علی زرداری
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں فافن کے سی ای او مدثر رضوی، خواجہ سلمان، صلاح الدین اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ناظم سوشل میڈیا شمس الدین امجد اور معاون خصوصی امیر جماعت اسلامی حافظ اسرار احمد بھی موجود تھے۔
انتخابات کے حوالے سے فافن کی سرگرمیوں، موجودہ قوانین اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے جماعت اسلامی کے قائدین کو بریفنگ دی گئی۔