تیز ہواؤں کی انٹری،سردی میں مزید اضافہ ،محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
ملک بھر میں شدید سردی اور دھند، مختلف موٹرویز بند، جھیلیں اور آبشار جم گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ملک میں سردی اپنے جوبن پر ہے ،محکمہ موسمیات نے24 اور 25 دسمبر کو ٹھنڈی ہواؤں کی ایک اور لہر کی پیشگوئی کردی، جھیلیں اور آبشار جم گئے ہیں، جبکہ دھند کے باعث موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کہتے ہیں کہ شہر میں رواں ماہ بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم ٹھنڈی ہواؤں کی ایک اور لہر داخل ہوگی ،انہوں نے کہا کہ شہر کے بلائی علاقوں میں ٹمپریچر مائنس میں بھی جا سکتا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور کان مہترزئی میں شدید سردی ہے، جہاں پارہ منفی سات ریکارڈ کیا گیا اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔
کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور درجہ حرارت بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، غذر کی مشہور خلتی جھیل جم گئی، ڈیڑھ سو فٹ گہری جھیل کو بچوں نے فٹبال گراؤنڈ بنا دیا۔
آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ہوگی، صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
پشاور میں دھند کے باعث موٹر وے ایم ون پشاور سے غازی بروتھا انٹر چینج تک بند ہے، موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے پر حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی کاموسم کیسارہے گا؟ محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی
لاہور میں شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری ٹریفک کیلئے مکمل بند کر دی گئیں ، اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 کو بھی لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں تیسرے نمبر پر آ گیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 255 ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کا پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر اضافی پابندیوں کا اعلان،دفتر خارجہ نے فیصلہ متعصبانہ قرار دیدیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔