رشتے صرف ایک شخص کی کوشش سے نہیں چلتے،آغاعلی نے خاموشی توڑدی

ہماری طلاق کو ڈیڑھ سال سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ، جلددوبارہ کسی رشتے میں نہیں بندھنا چاہتا

Dec 19, 2024 | 12:38:PM

(ویب ڈیسک)اداکار آغاعلی نے حنا الطاف سے شادی اور پھر طلاق کے فیصلے پرخاموشی توڑتے ہوئے طلاق کی وجہ بتا دی۔

آغا علی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں اپنی شادی، طلاق اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں کھل کرگفتگو کی۔

آغاعلی نے گفتگوکرتے ہوئے کہا جب میں نے شادی کی تو اس وقت کورونا کی وبا پھیلی ہوئی تھی،ہر کوئی سوچ رہا تھا کہ دنیا جلد ختم ہونے والی ہے، کئی لوگوں نے اس دوران شادیاں کر لی تھیں اس لیے جلد بازی میں ہم نے بھی شادی کا فیصلہ کرلیا۔

آغا علی نے کہا کہ ان کے خیال میں شادیاں اسی لیے ناکام ہو جاتی ہیں کیونکہ لوگ اپنے شریک حیات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چھوڑ کر اسے معمولی سمجھنا شروع کر دیتے ہیں اور رشتے صرف ایک شخص کی کوشش سے نہیں چلتے بلکہ دوسرے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فلسطینی فلم "فرام گراؤنڈ زیرو" آسکرز کیلئے شارٹ لسٹ

 طلاق کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے معروف اداکار نے کہا کہ میں نے احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں طلاق کی بات کی تھی، اب بہت سے لوگ جان چکے ہیں کہ ہم دونوں کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور اس بات کو ڈیڑھ سال سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ہے،میں اس کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا کیونکہ دوسرا شخص یہاں نہیں ہے،وہ اب میری زندگی کا حصہ نہیں ہے،اس کے علاوہ میری رائے میں ہمارے ساتھ جو ہوا وہ مقدر کا لکھا تھا، اسی وجہ سے ہم نے مہذب راستہ اختیار کر کے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

آغا علی نے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی شادی کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں اورجلد کسی رشتے میں بندھنا نہیں چاہتے ۔

خیال رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف نے شادی کے تین سال بعداپنے راستے الگ کر لیے تھے ۔

مزیدخبریں