سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کو 14 سال مکمل، پاکستان کا بھارت سے متاثرین کیلئے پھر انصاف کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کو 14 سال مکمل ہو گئے،بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث متاثرین کو 14 سال بعد انصاف نہیں مل سکا، پاکستان نے بھارت سے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس متاثرین کیلئے پھر انصاف کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان نے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشتگردحملے کے متاثرین انصاف کے منتظر ہیں ،14 سال قبل 18 فروری کو دہلی لاہورسمجھوتہ ایکسپریس ٹرین پر دہشتگردحملہ کیاگیا،ٹرین دھماکوں میں 40 پاکستانیوں سمیت 68 افراد ہلاک ہوئے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ واضح شواہد کے باوجود بھارت نے المناک واقعے کے متاثرین کو انصاف فراہم نہیں کیا،بھارتی رویہ حملہ آوردہشتگردعناصر کو حاصل کردہ مکمل استثنیٰ کی روش کی توثیق ہے۔ترجمان نے کہاکہ ہندوستان میں دہشتگردحملوں کے مرتکب افراد کو اطمینان حاصل ہے،پاکستان متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہاکہ بھارت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرموں کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لائے ،ہندوستان سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں اپنی ناگزیر قانونی ذمہ داری پوری کرے۔