4حلقوں میں ضمنی الیکشن،پولنگ جاری،پی ٹی آئی،ن لیگ میں کانٹےکامقابلہ

Feb 19, 2021 | 09:00:AM

(24نیوز)پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی 4 خالی نشستوں( این اے 75 ڈسکہ، این اے 45کرم ، پی پی 51 گوجرانوالہ اور پی کے63 نوشہرہ) پر ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور جے یوآئی ف کے امیدواروں میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 تفصیلا ت کے مطا بق این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال پرخالی ہوئی تھی۔یہاں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد4 لاکھ 4 ہزار 3 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 73ہزار6 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 20ہزار997 ہے۔یہاں مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

 این اے 45ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔یہاں مجموعی طورپر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ آزادامیدوارحاجی سید جمال، پی ٹی آئی کے فخر زمان بنگش، جے یو آئی کے جمیل خان میں سخت مقابلہ ہوسکتاہے۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار485 ہے۔ حلقے میں 134 پولنگ اسٹیشنزقائم ہیں۔

پی کے 63 نوشہرہ میں1لاکھ 41ہزار934رجسٹرڈ ووٹرز میں 79ہزار63مرد جبکہ 62ہزار871خواتین ووٹرزہیں۔ یہ نشست سابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیرمیاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔یہاں ن لیگ کے میاں اختیارولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمرکاکاخیل، اے این پی کے میاں وجاہت اللہ اورتحریک لبیک کے مولانا ثناء اللہ میدان میں ہیں۔

حلقہ پی پی 51کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ن لیگ نے ان کی اہلیہ بیگم طلعت محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے چوہدری محمد یوسف کو میدان میں اتارا ہے۔ یہاں جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود کلیر ہیں۔

یہ حلقہ وزیرآباد شہر، سوہدرہ اور دیگر دیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے۔ یہاں کل ووٹرزکی تعداد2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیںجن میں سے 8 کوحساس قراردیاگیاہے۔

مزیدخبریں