(24نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن تابش گوہر بھی یواے ای کے اقامہ ہولڈر نکلے۔
وزیراعظم نے تابش گوہر کو یکم اکتوبر 2020 کو اعزازی طور پر اپنا معاون خصوصی پاور ڈویژن مقرر کیا تاہم انہوں نے اپنے یواےای کے اقامہ رکھنے کے حوالے سے عوامی سطح پر آگاہ نہیں کیا البتہ انہوں اس سال 12 فروری کو کابینہ ڈویژن کواپنی غیرملکی سکونت کےحوالے سے تحریری آگاہ کیا ہے۔منظر عام پر آنے والی دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی پاور ڈویژن تابش گوہر (1999 )سے دبئی میں مستقل سکونت کا اقامہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ تابش گوہر وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے پہلے رکن ہیں جو متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی مستقل سکونت کا پرمٹ رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی امور اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری برطانوی شہریت کےحامل ہیں اور حال ہی میں مستعفی ہونے والے دو معاونین خصوصی ندیم افضل چن کینیڈا جبکہ شہزادہ قاسم امریکا کا گرین کارڈ رکھتے ہیں۔اسی طرح وزیراعظم کی موجودہ کابینہ میں معاون خصوصی سیاسی امور شہباز گل، معاون خصوصی امور قومی سلامتی معید یوسف، معاون خصوصی رؤف حسن اور معاون خصوصی پٹرولیم ڈویژن ندیم بابر بھی امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔ وفاقی کابینہ میں مجموعی طور پر امریکا،کینیڈا، یواےای کی مستقل رہائش اور برطانوی شہریت کےحامل ارکان کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ماضی میں وزیراعظم عمران خان اقامہ رکھنے پر سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی کابینہ ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔