(24 نیوز)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ میرےکمرے میں کوبرا سانپ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، بلاول کےکہنے پر مجھے مارنے کی سازش کی گئی ہے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ میرےکمرےمیں کوبرا سانپ چھوڑا گیا اور اس سانپ کو میں نے ماراہے۔اپوزیشن لیڈر سندھ نے الزام عائد کیا کہ بلاول کےکہنے پر مرادعلی شاہ نے مجھے مارنے کی سازش کی۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا حلیم عادل شیخ سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کی پیشی کے موقع پر انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے، انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شکر کریں کہ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ ہی نکلا ہے اژدھا نہیں نکلا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی جان کو خطرہ ہے، ان سےفیملی، ایم این ایز،ایم پی ایزکوملنے نہیں دیا جارہا، عدالت سے درخواست کی اہلخانہ اور ایم پی ایز کو ملنے دیا جائے ، ایسا سلوک کیاجارہاہے جیسے دہشت گرد سے کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں ضمنی انتخابات والے روز پولنگ سٹیشن پر اسلحے سمیت جانے پر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیاگیا تھا۔حلیم عادل شیخ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے بیان میں کہا تھا کہ قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا، ناشتہ دینے کے لئے جانے والے ملازم نے سانپ دیکھ کر اطلاع دی تاہم بعد میں کمرے میں موجودسانپ کو مار دیا گیا۔ادھر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔