بھارت سے گارنٹی نہ ملی تو ورلڈکپ کا وینیو تبدیل کرنیکا مطالبہ کرینگے، احسان مانی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز)چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت سے تحریری گارنٹی نہ ملی تو یو اے ای میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرانیکا مطالبہ کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے ذریعے کرکٹرز آفیشلز اور شائقین کے ویزوں اور سیکورٹی کی یقین دہانی مانگی ہے۔ بھارت نے یقین دہانی نہ کرائی تو یو اے ای میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرانیکا مطالبہ کرینگے۔
احسان مانی نے کہا کہ بھارت نے آئی سی سی کو دسمبر میں پاکستان کو ویزوں کے بارے میں بتانا تھا۔ مارچ کے آخر تک گارنٹی نہ ملی تو یو اے ای میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرانے کا مطالبہ کریں گے۔ مارچ تک کرکٹرز کو کوویڈ ویکسین لگوائی جائے گی، این سی او سی سے بات کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر میں میری مدت مکمل ہورہی ہے، کام جاری رکھنے کا کہا گیا تو اس کا جائزہ لوں گا۔میں نے کبھی اپنے لئے عہدہ نہیں مانگا۔ چیئرمین شپ کی سیٹ پر نہیں بیٹھوں گا۔ وسیم خان بڑے اہم کام کر رہے ہیں چاہتا ہوں ایک سال کی نہیں تین سال کی توسیع ملے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے اب تواتر سے انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے۔پی ایس ایل کا ترانہ سب کی مشاورت سے بنا بہت کم لوگ ہیں جنہیں ترانہ پسند نہیں آیا۔ وہ ٹیکنالوجی یہاں نہیں ہے جس کی وجہ سے ترکی میں افتتاحی تقریب کی ریکارڈنگ کی۔ عروج ممتاز کا کمنڑی سمیت مختلف عہدوں پر کام کرنا مفادات کا تصادم نہیں۔ بھارت کے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے ایشیا کپ ممکن نہیں ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ محمد عامر اچھا کرکٹر ہے اس نے جلد بازی میں فیصلہ کیا بورڈ نے اس پر سرمایہ کاری کی تھی۔ سوشل میڈیا پر کرکٹرز کو محتاط رہنا ہو گا انہیں ذمہ داری کا احساس دلانے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں پی ایس ایل کرانا ایک بڑا کارنامہ ہے۔