(ویب ڈیسک) اداکارہ زینت امان نے خواتین کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام میں بال ڈائی نہ کروانے کی وجہ بتا دی۔
بالی ووڈ میں کئی دہائیوں پر مبنی شاندار کیریئر کی حامل زینت امان نے کچھ عرصے پہلے اپنا انسٹا گرام اکاؤنٹ بنایا ہے جہاں اب وہ مختلف مضوعات کے بارے میں مداحوں کے ساتھ اپنے خیالات شیئر کرتی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں انسٹا گرام پر اپنی سفید بالوں میں ایک نئی تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ بحیثیت خواتین ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہماری سماجی قدر جوانی اور جسمانی خوبصورتی میں ہے، اگر یہ بات ہمیں واضح طور پر نہیں بھی بتائی جاتی تو ہزار شاندار الگ الگ طریقوں سے بتائی جاتی ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ یہ بات خاص طور پر انٹرٹینمنٹ کے لیے تو سچ ہے، عام طور پر بڑھتی عمر کے ساتھ مردوں کو عزت اور احترام دیا جاتا ہے لیکن خواتین کو ہمدردی کی بہترین پیشکش کی جاتی ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ میں پہلے اپنے بالوں کو رنگوانا چھوڑنے سے گریز کرتی تھی اور مجھے ایسا کرنے کے مشورے بھی ملے، میرے کچھ خیر خواہوں نے یہاں تک کہا کہ اس سے میرے کام پر بھی منفی اثر پڑے گا۔
زینت امان نے لکھا ہے کہ بعد میں، میں نے اپنی اس ہچکچاہٹ پر غور کیا اور مجھے یہ احساس ہوا کہ مجھے معاشرے میں جوان نظر آنے کے بارے میں موجود نظریے کی حمایت کرنے کی کوئی پرواہ نہیں ہے
اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ اگر جوان ہونا حیرت انگیز بات ہے تو بوڑھا ہونا بھی اتنی ہی حیرت انگیز بات ہے اور مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سفید بالوں والی ہر عمر کی خواتین اس روایتی انداز کو چیلنج کرتی ہیں۔
اداکارہ زینت امان نے اپنی تصویر کے بارے میں یہ لکھا ہے کہ میرے بیٹے نے میری یہ تصویر چند ہفتے قبل علی باغ کے قریب ایک دوست کے گھر پر لی تھی۔