(افضل بلال) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 188 رنز کا ہدف دیا جس کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نوجوان بلے باز خواجہ نافے نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 60 رنز بنائے، نائب کپتان سعود شکیل 23 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 40 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان، سلمان فیاض اور سکندر رضا بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، تاہم پہلی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے ایمرجنگ آل راؤنڈر جہانداد خان کوئی بھی وکٹ حاصل نہ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم پی ایس ایل کا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
پہلے بلے بازی کرنے والے لاہور قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سینچری سکور کی، صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ جہانداد خان نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور محمد حسنین نے 2، 2 جبکہ محمد عامر، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، ٹاس کے موقع پر کپتان لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لئے اچھی لگ رہی ہے اس لئے پہلے بیٹنگ کریں گے، ہماری بولنگ اچھی ہے ہدف کا دفاع کریں گے، آج ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ڈیوڈ ویزے اور لورن ٹکر کی جگہ پر سکندر رضا بٹ اور کارلوس بریتھویٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ریلی روسو کا کہنا تھا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔