(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کردی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں صبح کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے، ادھرخیبرپختونخواکے علاقوں ایبٹ آباد ، مانسہرہ اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔تاہم صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، جہلم،گجرات،سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہوسکتی ہے۔مری ،گلیات اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش / برفباری اورژالہ باری کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،ادھرسندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمے کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ 19 اور20 فروری کے دوران مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، استور، ہنزہ، دیامیر،اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں تیز بارش اوربرفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ہے، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیلانی کی قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے متعلق خبریں، ترجمان نے اہم بیان جاری کردیا