پاکستان نے 7 ماہ میں کتنا قرض لیا؟ تفصیلات جاری   

Feb 19, 2025 | 11:35:AM

(24  نیوز)وزارتِ اقتصادی امور نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں قرض کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ای اے ڈی کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2024ء تا جنوری 2025ء پاکستان نے مجموعی طور پر 4 ارب 58 کروڑ ڈالرز قرض لیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف مالیاتی اداروں سے 2 ارب 32 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس کی مد میں 1 ارب 12 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔

 مزید پڑھیں:بینکوں سے قرض لینے کے خواہشمندوں کو گورنر سٹیٹ بینک نے خوشخبری سنا دی
 وزارتِ اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ بجٹ میں رواں مالی سال کے دوران 19 ارب 39 کروڑ ڈالرز قرض ملنے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کے 7 ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 30 فیصد کم قرض لیا گیا۔

ای اے ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز قرض لیا گیا تھا، جولائی سے جنوری تک اے ڈی بی سے 1 ارب 4 کروڑ 86 لاکھ ڈالرز قرض ملا۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے جولائی سے جنوری کے دوران 57 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز کا قرض دیا، چین سے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز جبکہ فرانس سے 10 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی فنانسنگ ہوئی۔

مزید پڑھیں:وفاقی حکومت کے مجموعی قرض  بلند سطح پر پہنچ گئے

وزارتِ اقتصادی امور  نے یہ بھی کہا کہ کثیر الجہتی اداروں سے مجموعی طور پر 2 ارب 32 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے اور اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے مجموعی طور پر 40 کروڑ ڈالرز قرض ملا۔

مزیدخبریں