قطر کا انڈیا میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

Stay tuned with 24 News HD Android App

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھارت کے دورہ پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ بیانیہ میں اس بات کا اعلان کیا۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ امیر قطر کے ساتھ ان کی ’انتہائی مفید ملاقات‘ ہوئی جو دو روزہ دورے پر نئی دہلی میں تھے۔
نریندر مودی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ ’ ہماری بات چیت کا اہم موضوع ’تجارت‘ تھا، ہم انڈیا اور قطر کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دے کر مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
کسی بھی قطری حکمران کا جنوبی ایشیائی ملک کا 10 سال میں یہ پہلا دورہ تھا، مشترکہ بیان کے مطابق قطر انڈیا میں ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، انفراسٹریکچر، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، مہمان نوازی اور دیگر متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔
انڈین وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق آئندہ 5 برس میں دونوں ممالک سالانہ تجارت 28 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھتے ہیں اور آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
قطر اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ تجارت مارچ 2023 کے مالی سال کے اختتام تک 18.77 ارب ڈالر تھی جس میں بنیادی طور پر قطر سے درآمد کی جانے والی مائع قدرتی گیس(ایل این جی) شامل تھی۔
انڈیا کی ایل این جی کی سالانہ درآمد میں قطر کا حصہ 48 فیصد سے زیادہ ہے۔دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، توانائی کے بنیادی شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری اور اپنی کرنسی میں باہمی تجارت پر غور پر اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سیاسی طور پر مجھ سے زیادہ کامیاب ہیں، بورس جانسن