فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرو ،پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے سامنے پاور شو 

Jan 19, 2021 | 10:32:AM

(24نیوز)راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پی ڈی ایم کے ورکرز جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، پی ڈی ایم کی قیادت کشمیر چو ک پر کنٹینر پر سوار ہوکر الیکشن کمیشن کی طرف جائےگی جبکہ مظاہرے میں بلاول بھٹو زرداری شریک نہیں ہوں گے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے بھی اپنی  تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کارکن کشمیر چوک میں جمع ہوں گے اور مرکزی قیادت کے ساتھ الیکشن کمیشن پہنچیں گے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم قیادت کو درپیش سکیورٹی خطرات کا جائزہ لیا گیا اور شرکاء سے رائے لی گئی جس پر پی ڈی ایم  کی قیادت نے پلان اور شیڈول تبدیل کردیا۔

مریم نواز شریف پارک پنڈی کی بجائے سرینا چوک سے احتجاج میں شریک ہوں گی۔ مولانا فضل الرحمان بھی موٹر وے چوک کی بجائے سرینا چوک سے الیکشن کمیشن جائیں گے۔ ریلیوں کی قیادت اب دوسرے درجے کے رہنما کرینگے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کا سیاست میں عمل دخل ختم کرنا چاہتے ہیں، (ن) لیگ کے کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔دوسری جانب  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے، ان کا کہنا ہے کہ وہ آج عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت کا جشن منائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے۔

اس ضمن میں گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے کہ جس جرم کا اعتراف ہو چکا اُس پر فیصلہ سُنایا جائے۔

مزیدخبریں