(24نیوز)شاہ محمود قریشی کا اپوزیشن کے احتجاج اور جلسوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ دشمن قوتوں سے مطابقت رکھتا ہے،پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہی ہے جبکہ باقی اپوزیشن اپنی گرتی ہوئی ساکھ بچانے کیلئے کوشاں ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے انتشار کو چھپانا اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کوبچانا چاہتی ہے ، کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کےطلبا کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، ملک کیلئے، ملکی معیشت کیلئے یہ صحیح قدم نہیں ، یقین ہے کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے اور پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کےلئےاستعمال کر رہی ہے ، پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سناچکی کہ وہ استعفے نہیں دیں گے ، لانگ مارچ پربھی پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا پی ڈی ایم کابیانیہ پاکستان دشمن قوتوں کے بیانیے سےمطابقت رکھتا ہے، پی ڈی ایم پاکستان مخالفت قوتوں کےبیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا خطے کی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی جھوٹی پروپیگنڈا مہم شروع کی ، ارنب گوسوامی کی “چیٹ “منظر عام پر آنے سے پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہو گیا ، بھارت نےپلوامہ ڈرامہ، سیاسی مقاصد کےحصول کے لیے رچایا اور بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لی۔
انہوں نے کہا پاکستان دنیاکوبھارت کا اصل چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے ، 14 نومبر کو ڈوزئیر میں بھارت کی دہشت گردی معاونت کے ناقابل ثبوت دئیے، ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پرمہر تصدیق ثبت کی۔ دہلی میں غیرذمہ دار حکومت قائم ہے، جو سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کرسکتی ہے ، عالمی برادری پر ذمہ داری ہے، وہ بھارت کو خطے میں نقض امن کا ذمےدار ٹھہرائے۔