(24نیوز)کراچی کی مقامی عدالت نے اینکر مرید عباس قتل کیس میں مفرور ملزم عادل زمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی جہاں ملزم عادل زمان کو اشتہاری قرار دینے کی رپورٹ پیش کی گئی۔عدالت نے ملزم عادل زمان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے اور اس کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔اسکے ساتھ عدالت نے مرکزی ملزم عاطف زمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر دی۔ ملزم عاطف زمان پر 30 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ستمبر 2020 میں عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت خارج ہونے پر مرکزی ملزم عادل زمان احاطہ عدالت سے بآسانی فرار ہوگیا تھا، جس کو پولیس تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔خیال رہے کہ 9 جولائی 2019 کو ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو ان کے بزنس پارٹنر عاطف زمان نے قتل کیا تھا جس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کی کوشش کی تھی۔اس کیس میں مرکزی ملزم عاطف زمان اور اس کا بھائی عادل زمان ہیں۔ عاطف زمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا جبکہ عادل زمان کافی عرصہ روپوش رہنے کے بعد گرفتار ہوا۔