پارک لین کیس، زرداری کی ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارک لین کیس میں آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں ٹرائل فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری کی پارک لین کیس میں نیب دائرہ اختیار کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔وکیل فاروق نائیک نے استدعا کی کہ یہاں دائرہ اختیار چیلنج ہے۔ سپریم کورٹ میں مقدمات سندھ منتقل کرنے کی درخواستیں زیر التوا ہیں۔ درخواستوں پر فیصلے تک نیب کو احتساب عدالت میں شواہد ریکارڈ کرانے سے روکا جائے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ شواہد ریکارڈ ہونے دیں نیب نے کونسا 30 دن میں فیصلہ ہی کروا لینا ہے۔ المیہ یہ ہے نیب مقدمات پر وقت پر فیصلہ ہی نہیں ہو پاتا۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ہم نے ایک کیس میں 10 گواہوں کے بیانات کرادیئے لیکن یہ وکیل جرح ہی نہیں کر رہے۔ دائرہ اختیار سے متعلق بلال شیخ کی درخواست بھی آصف زرداری کیساتھ مقرر کی جائے۔عدالت نے درخواستیں ایک ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔