افغانستان: فوج اور طالبان میں جھڑپیں، 23 اہلکار جاں بحق، 15 جنگجو ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)افغانستان کے صوبے قندوز میں فوج اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان ہونیوالی دو جھڑپوں میں 23 اہلکار جاں بحق اور 15 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبے قندوز میں پہلی جھڑپ دشت ارچی کی ایک فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں کے حملے کے باعث ہوئی۔ دوطرفہ فائرنگ 3 گھنٹے تک جاری ہے اور اس جھڑپ میں افغان فوج کے 4 اہلکار جاں بحق ہوئے۔افغان وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کے حملے کو ناکام بنادیا گیا ہے۔ افغان فوج کی بروقت کارروائی میں 15 جنگجو ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ۔ آزاد ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 12 فوجی اہلکار اور 4 شہری جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور حملے میں طالبان کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
اس کے علاوہ صوبے قندوز میں ہی جنگجوؤں اور افغان فوج کے درمیان ہونے والی ایک اور جھڑپ میں 8 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ اس طرح جھڑپوں میں صوبے قندوز میں مجموعی طور پر 23 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔طالبان کی جانب سے ان دونوں حملوں سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔