فارن فنڈنگ،عمران نے اعتراف کر لیا ،اب فیصلہ نہیں سزا ہوگی،مریم نواز

Jan 19, 2021 | 17:14:PM

 (24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کوآئینی ذمہ داریاں یاددلانے آئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے ووٹ کی عزت کرانی تھی، کیاالیکشن کمیشن نے ووٹ کی عزت کرائی؟
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا الیکشن کمیشن پاکستان کاآئینی ادارہ ہے ، الیکشن کمیشن کو عوام کی رائے کا امین بنایا گیا ہے ، الیکشن کمیشن وہ ادارہ ہے جس نے عوام کے ووٹ کی عزت کرانا تھی، چیف الیکشن کمشنر بتائیں کیا آپ کا ادارہ آئینی ہے؟ مریم نے کہا ملکی تاریخ کے بڑے کیس کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے، نومبر2014میں فارن فنڈنگ کیس دائرہواتھا ، نوازشریف کاکیس دنوں میں چلتااوردنوں میں ختم ہوجاتاہے، فارن فنڈنگ کیس کی 70 سماعتیں ہوئیں، فیصلہ پھر بھی نہیں ہوا،عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس رکوانے کیلئے 30 بار کوشش کی ،کون کہتا تھا چوری نہیں کی تو تلاشی دے دو؟ اگر چوری نہیں کی تو 30 بار مقدمے کو رکوانے کی کوشش کیوں کی؟ ، دامن صاف تھا کو کیوں درخواستیں دیں کہ کارروائی کو خفیہ رکھا جائے ،عمران خان نے 6 درخواستیں دیں کہ الیکشن کمیشن مقدمے کی سماعت نہیں کر سکتا ،تین سال ہوگئے اسکروٹنی کمیٹی تحقیقات ہی کررہی ہے۔ بیان بدلنا روز کا کام ہے اسی لئے ان کو یوٹرن خان کہتے ہیں ، یوٹرن خان نے کیس میں 8وکیل بدلے لیکن پھر بھی چوری نہیں چھپی، اسٹیٹ بینک نے 23 خفیہ بینک اکاو¿نٹ پکڑے، عمران خان نے بینک اکاو¿نٹس ای سی پی اور پاکستانی عوام سے چھپائے، چور چور کی گردان کرنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، عمران خان کے اکاو¿نٹ میں پیسہ ہنڈی کے ذریعے آیا، اب پتہ چلا عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر ہنڈی سے پیسہ منگوانے کا کیوں کہتا تھا؟ بھارتی اور اسرائیلی عمران خان کو پیسہ دے رہے تھے، عمران خان کو پیسہ اس کے ملازموں کے اکا ئوٹس میں آیا، جب پیسہ بھارت سے آئے گا تو مودی کی جیت کی دعائیں کیوں نہیں مانگی جائیں گی، کہتا ہے جو کیا ہے میرے ایجنٹس نے کیا ہے، جن سے پیسہ لیا جاتا ہے، ان کا کام بھی کرنا پڑتا ہے۔پیسہ دینے والے ایجنٹس ہیں تو تمہیں اقتدار میں لانے والے کون تھے؟، بتا دو تم کو ثاقب اور امین کا سرٹیفکیٹ دلانے والے کون تھے؟یہ بھی بتا دو کہ تمہاری ہر غلطی پر پردہ ڈالنے والے ایجنٹ کون ہیں؟ یہ بتا دو تمہارے بیلٹ باکس میں ووٹ کن ایجنٹس نے ڈالے۔
 انہوں نے کہا کہتا ہے میری تیاری نہیں تھی، عوام کو لوٹنے کی پوری تیاری تھی؟، کہتا تھا مجھے پی ڈی ایم سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عمران خان پاکستان بدل رہا ہے، تم جتنی طاقت آزما لو تم عوام سے نہیں جیت سکتے، الیکشن کمیشن بتائے جب آر ٹی ایس بند کیا تو کیوں خاموش رہے؟ نا اہل شخص کو عوام پر مسلط کیا گیا تو ای سی پی کیوں خاموش رہا، آج الیکشن کمیشن کی خاموشی کی سزا 22کروڑ عوام بھگت رہے ہیں، پٹرول کا بم عوام پر گرتا ہے تو عوام ای سی پی کو مجرم ٹھہراتی ہے ، الیکشن کمیشن بتائے وہ اتنے بڑے جرم میں حصہ دار کیوں بنا؟ الیکشن کمیشن کو تمام سوالوں کا جواب دینا ہوگا، عمران خان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، مریم نواز کوئی جرم کا اعتراف کرلے تو فیصلہ نہیں سزا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا مجھے لگ رہاہے جیسے آج لانگ مارچ ہے، کان کھول کرسن لو، جب لانگ مارچ ہوگا تو کیاعالم ہوگا،لوگوں کا جم غفیر آج یہاں موجود ہے، انہوں نے کہا افسوس!جس ملک میں رہتے ہیں وہاں آئین کی حکمرانی نہیں۔

مزیدخبریں