پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہوچکی ، عثمان بزدار

Jan 19, 2021 | 20:41:PM

(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں، ترقی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنرآفس ساہیوال میں صوبائی وزرا،ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈر ز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کرنیوالے دشمن کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں ۔مسترد شدہ عناصر صرف ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔
 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا  کہ مشاورت سے ڈویلپمنٹ پلان بنا کرجلد عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ دورہ کرنے کا مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی اور ارکان اسمبلی سے مشاورت ہے۔ہر ضلع میں جاکر ڈویلپمنٹ سمیت تمام امور کا خود جائزہ لوں گا۔ انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کے درمیان مثالی اشتراک کار اہم امر ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیالوجی بلاک ساڑھے 5ارب کی لاگت سے مکمل ہوگا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں 128بیڈز کا کارڈیالوجی بلاک بنے گا۔ کارڈیالوجی بلاک میں انجیو گرافی،انجیو پلاسٹی اور امراض دل کے علاج کی دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ٹیچنگ ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت، ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال کوموٹر وے سے منسلک کرنے کی تجویزکا جائزہ لے رہے ہیں۔چیچہ وطنی،کمالیہ رجانہ روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔چیچہ وطنی میں انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا۔

مزیدخبریں