(مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان میں ایک شہری نے مغربی بقاع میں واقع علاقے "جب جنین" میں ایک بینک میں گھس کر ہالی وڈ کی کسی ایکشن فلم کے سین سے ملتے جلتے انداز میں دھاوا بول دیا اور ساتھ ہی اس نے دھمکی دے ڈالی کہ اگر اس کو اپنے بینک اکاؤنٹ سے 50 ہزار ڈالر کی رقم حاصل نہ ہوئی تو وہ خود سوزی کر لے گا۔
العریبہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بینک انتظامیہ کی جانب سے اس مطالبے کو مسترد کر دینے پر مذکورہ لبنانی نے بموں اور دھماکا خیز مواد دے بھرا بیگ کھول لیا اور بینک میں پٹرول چھڑک دیا۔ اس نے دھمکی دی کہ اگر اسکو رقم حوالے نہ کی گئی تو وہ بینک میں آگ لگا کر اسے دھماکے سے اڑا دے گا۔بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے بینک کا گھیراؤ کر لیا اور اس شہری کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیئے۔ بات چیت کے نتیجے میں ابتدائی طور پر اس شخص نے اپنے قبضے میں موجود پستول سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں اس نے مطلوبہ رقم حاصل ہونے پر خود کو بھی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق لبنانی ڈپازٹرز کی ایسوسی ایشن کے مطابق ایک لبنانی شہری نے جب جنین کے علاقے میں بی بی اے سی کی ایک شاخ میں بینک ملازمین کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنا کر رکھا۔ آخر کار اپنی 50 ہزار ڈالر کی رقم مل جانے پر مذکورہ شخص نے اسے اپنے گھر کے ایک فرد کو دے کر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔لبنانی شہری سے تحقیقات جاری ہیں۔ استغاثہ نے اس شہری کو حراست میں لینے اور طاقت سے حاصل کی گئی رقم واپس کئے جانے کا حکم جاری کیا۔ البتہ اس شہری کی بیوی ابھی تک نظروں سے اوجھل ہے جس نے اپنے شوہر سے 50 ہزار ڈالر کی رقم وصول کی تھی۔ رقم کی واپسی کے لیے لبنانی شہری کے گھر پر چھاپا مارا گیا تھا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2019سے لبنان میں یہ پابندی عائد ہے کہ بینک کھاتوں سے غیر ملکی کرنسی میں مالی رقم نہیں نکالی جا سکتی اور لوگ صرف لبنانی لیرہ کی شکل میں رقم نکلوا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جان ابراہم نے اپنا معاوضہ بڑھا دیا۔۔سن کر حیران مت ہوں