(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئس نے خبردار کیا ہے کہ وبائی مرض کورونا وائرس ختم نہیں ہوا ہے اور اومیکرون کے بعد بھی اسکے نئی شکلوں میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
ایرانی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب یہ دلائل دیئے جا رہے ہیں کہ اومیکرون ویرینٹ بہت ہلکا ہے اور اس نے کورونا وائرس سے لاحق خطرے کو ختم کر دیا ہے۔عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ نے کہا کہ اومیکرون کا خطرہ اوسطاً کم ہو سکتا ہے تاہم اسے ہلکی بیماری کے طور پر بیان کرنا گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون ہلکا ہونے کے باوجود ہیلتھ خدمات کو متاثر کر رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر آف ایمرجنسیز مائیک ریان کے حوالے سے بتایا کہ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ سے ہسپتالوں میں داخل ہونے اور اموات میں اضافے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن ممالک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کا عمل انجام نہیں پایا ہے، وہاں کورونا سے پیدا ہونے والے خطرات زیادہ ہیں۔ تاہم ابھی حال ہی میں خود عالمی ادارۂ صحت کی رپورٹ میں یہ کہا گیا تھا کہ نا معلوم دلائل کی بنا پر کورونا اُن ممالک میں زیادہ پھیل رہا ہے جہاں بڑے پیمانے پر لوگوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جان ابراہم نے اپنا معاوضہ بڑھا دیا۔۔سن کر حیران مت ہوں