خاتون ریسلر نے بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر اور کوچز پر ہراسانی کے الزامات لگا دیئے

Jan 19, 2023 | 00:38:AM


(24نیوز )بھارت کی خاتون ریسلر ’’ونیش پھوگاٹ ‘‘نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا ( ڈبلیو ایف آئی) سمیت کوچز پر ہراسانی سمیت جان سے مارنے تک کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارےاین ڈی ٹی وی کے مطابق کامن ویلتھ گیمز اور ایشیئن گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی 28 سالہ پہلی بھارتی خاتون ریسلر وینیش پھوگاٹ نے ڈبلیو ایف آئی اور اس کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کوچز خواتین ریسلرز کو ہراسانی کا نشانہ بناتے آرہے ہیں جب کہ فیڈریشن کے بعض حکام نے جان سے مارنے تک کی دھمکیاں دی ہیں۔

وینیش پھوگاٹ سمیت انڈیا کی صف اول کی ریسلرز نے گزشتہ روز نئی دہلی کے جنترمنتر پر بڑا مظاہرہ کیا اور برج بھوشن شرن سنگھ کو عہدے سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دھمکیاں دی گئی ہیں کہ اگر کچھ بھی کہا تو کیریئر ختم کردیے جائیں گے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیڈریشن کے حکام نے خواتین ریسلرز کی بے حرمتی کی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ تعداد کی بابت انہیں مکمل علم نہیں ہے البتہ ہم نے وزیراعظم تک رسائی حاصل کی ہے۔

وینیش پھوگٹ نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 12 خواتین نے تو مجھے بتایا ہے کہ ڈبلیو ایف آئی کی جانب سے انہیں ہراساں کیا گیا ہے لیکن میں ان کے نام نہیں بتا سکتی مگر جب ہم وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملیں گے تو انہیں نام بتادوں گی، اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ’’بجرنگ پونیا ‘‘نے اس موقع پر کہا کہ ہم کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں تب تک حصہ نہیں لیں گے جب تک صدر کو ہٹایا نہیں جاتا، ہماری لڑائی حکومت یا انڈین سپورٹس اتھارٹی سے نہیں ہے بلکہ ڈبلیو ایف آئی کے خلاف ہے، اب یہ لڑائی آر یا پار کی ہے۔

ڈبلیو ایف آئی کے تیسری مرتبہ صدر بننے والے برج بھوشن شرن سنگھ نے اس ضمن میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریسلرز کے میرے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں اگر جنسی ہراسیت کا ایک بھی کیس ثابت ہوجائے تو میں پھانسی پر چڑھنے کو تیار ہوں، میں صدارت نہیں چھوڑ رہا ہوں مگر پولیس اور سی بی آئی کی تفتیش کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں، برج بھوشن شرن سنگھ نے الزام عائد کیا کہ ایک صنعت کار ان کے خلاف سازش کر رہا ہے، انہوں نے استفسار کیا کہ اگر وینیش کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں تو انہوں نے پولیس میں مقدمہ کیوں نہیں درج کروایا ؟

 

مزیدخبریں