خیرپور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، آن لائن ہتھیاروں کی خرید و فروخت میں ملوث دہشتگرد گرفتار

Jan 19, 2023 | 11:59:AM

(امداد بُزدار) انسداد دہشتگردی فورس کے سکھر سرکل نے خیرپور میں ایک بڑی کامیاب کارروائی کے دوران سکھر، سندھ اور بلوچستان میں آن لائن خطرناک ہتھیاروں کی خرید و فروخت کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت زبیر خان ولد رحمان خان کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق پشاور سے ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 15 تیس بور کے پسٹل، 1 رپیٹر، ایک 44 بور رائفل، 1 ایم پی 5 رائفل، 7 نائن ایم ایم پسٹل اور بڑی تعداد میں میگزین برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ملزم 2109ء میں پشاور سے خاندانی جھگڑوں کی وجہ سے نقل مکانی کرکے خیرپور میں مقیم ہوا اور یہاں 2020ء میں سندھ آرمری آرمز شاپ کے نام سے غیر قانونی دکان کھولی۔

یہ بھی پڑھیے: گوجرانوالہ، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ گرفتار

اس کے ساتھ ساتھ ملزم نے 2022ء میں آن لائن اسلحے کا کاروبار بھی شروع کیا، یہ اسلحہ پشاور سے غیر قانونی اسلحہ ٹرانسپورٹ کے ذریعےمنگوایا جاتا تھا۔ ملزم یہ اسلحہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے گاہکوں سے رابطہ کرکے فروخت کرتا تھا۔

سی ٹی ڈی نے ملزم کو حراست میں لیکر مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

مزیدخبریں