بالی وڈ فلم ’فائٹر‘ کے خلاف پاکستانی فنکار بھڑک اُٹھے

Jan 19, 2024 | 10:23:AM

(ویب ڈیسک) پاکستان مخالف بالی وڈ فلم ’فائٹر‘ کے آفیشل ٹریلر کے ریلیز کے بعد پاکستانی فنکاروں نے فلم کے موضوع اور فلم میں کام کرنے والے اداکاروں پر تنقید کی برسات کرڈالی۔

بالی ووڈ کی فلم ’فائٹر‘ کے ٹریلر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارتی فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی نظر آئی۔  اس فلم کی کہانی میں 14 فروری 2019ء کے پلوامہ حملے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے جس میں بھارتی اداکار رہتک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے۔

اس ٹریلر کے جاری ہوتے ہی جہاں پاکستانی عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے وہیں پاکستانی شوبز شخصیات کی جانب سے بھی فلم کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔

اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’میں پہلے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہی تھی لیکن اب نہیں‘۔ اداکارہ نے پلوامہ حملے کے اصل حقائق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ’آؤ ذرا پاکستان پر قبضہ کرنے، چائے پلا پلا کر حساب لیں گے‘۔

اداکارہ کا اپنا موقف شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیر سے جا کر کوئی یہ پوچھنا چاہے گا کہ وہ کن کے غلام ہیں کیونکہ وہ کسی کے غلام نہیں ہیں۔ کشمیر آزاد ہونے کا مستحق ہے اور کسی بھی ملک سے تعلق نہیں رکھتا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ کشمیر پر قبضہ کرنے اور اس کی آبادی کو غلام بنانا اب چھوڑ دیں۔

اداکار اسد صدیقی کا اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہنا تھا کہ’وہی پرانا گھسا پھٹا انداز، کیا آپ لوگ وہی جھوٹی بکواس بیچتے ہوئے تھکتے نہیں ہیں؟ اب تو بڑے ہوجائیں، دنیا بہت آگے بڑھ چکی ہے‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’آپ اپنی فلموں کے ذریعے امن کو بھی فروغ دے سکتے تھے، کیا دنیا میں نفرت کم ہے جو آپ فلموں کو بھی نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرنے میں لگے ہیں‘۔

اسد صدیقی نے لکھا کہ’نفرت کی بجائے پوری دنیا میں امن کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے، آپ اس فلم کے ذریعے کونسا جھوٹ سچ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’پوری دنیا یہ حقیقت جانتی ہے کہ جب آپ کا پائلٹ ہمارے ملک میں گُھسا تھا تو ہم نے اُسے بہت عزت کے ساتھ چائے پلا کر چھوڑ دیا تھا‘۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے ٹریلر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری جاری کی۔  مذکورہ اسٹوری میں ہانیہ نے لکھا کہ ’ یہ دیکھ کر بے حد افسوس ہوا کہ آج کے دور میں بھی کچھ ایسے فنکار پائے جاتے ہیں جو سینما کی طاقت سے روشناس ہونے کے باوجود اس کا غلط استعمال کرکے دو ممالک کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے ہیں‘۔

اداکارہ حرا خان نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پلائی گئی پاکستانی چائے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ لوگ فلم کی کہانی میں ’دی ٹی واز فینٹاسٹک‘ ڈالنا بھول گئے؟  اُن کا طنزیہ انداز میں کہنا تھا کہ آپ لوگ صرف اپنے خوابوں میں ہی پاکستان پر قبضہ کرسکتے ہیں۔؎

پاکستانی اداکار و منال خان کے شوہر احسن محسن اکرام نے اسٹاگرام اسٹوری جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’ یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ بالی وڈ کس قسم کا کانٹینٹ بنا رہا ہے کہ جو نفرت کے پرچار کا سبب بن سکتا ہے‘۔

 احسن نے بھی بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پلائی گئی چائے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ لگتا ہے ایک کپ چائے اور پلانی پڑے گی آپ لوگوں کو‘۔

مزید پڑھیں: این اے 97 تاندلیانوالہ ،سابق ن لیگی ایم این اے نے پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کردی

واضح رہے کہ پاکستان مخالف یہ بالی وڈ فلم’فائٹر‘ رواں ماہ 25 تاریخ کو سینما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔

مزیدخبریں