پی ٹی آئی کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے،پرویز الٰہی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(شاہین عتیق)تحریک انصاف کے چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں عمران خان کےساتھ کھڑا ہوں، مشکل وقت میں کبھی کسی کو نہیں چھوڑا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے،انشااللہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے امیدوارہی اللہ کے فضل سے کامیاب ہوں گے۔
پی ٹی آئی صدر چودھری پرویزالٰہی نے عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں،ن لیگ کے خالی اجتماع اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے،لاڈلوں میں عوام کا سامنا کرنے کی جرأت نہیں۔
صدر تحریک انصاف کاکہناتھا کہ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جا رہی،ہمارے امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،پی ٹی آئی میں خوف و ہراس پھیلا کر کسے خوش کیا جا رہا ہے،ان کاکہناتھا کہ ہم سیاسی مقابلے کیلئے تیار ہیں، قو می و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
قبل ازیں اینٹی کرپشن کورٹ میں پرویز الٰہی اور محمدخان بھٹی کی حاضری مکمل کی گئی ہے،فاصل جج نے پرویز الٰہی سے استفسار کیا کہ آپ خیریت سے ہیں، پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ میں ٹھیک ہو سر،فاضل جج نے کہاکہ آپ کی دو تاریخوں پر حاضری لازمی ہے چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے اور فرد جرم عائد کیلئے،باقی تاریخوں پر آپ کی ویڈیو لنک سے حاضری مکمل ہو سکتی ہے،اگر آپ آنا چاہیں تو آپ آ سکتے ہیں ورنہ آپ کی ٹیم پیش ہو سکتی ہے۔
عدالت نے پرویز الٰہی اور محمدخان بھٹی کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر دیں،عدالت نے غیر حاضر ملزم طاہر کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ،عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت پر ملزم طاہر کو چالان کی نقل فراہم کی جائے گی ،تمام ملزمان کو نقول ملنے کے بعد فرد جرم کی کارروائی ہو گی ،عدالت نے پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔