بلوچستان،کوئٹہ ،پشین اورگردونواح میں بارش ،برفباری،سردی کی شدت بڑھ گئی
بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر،مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اقصیٰ شیخ،عیسیٰ ترین،کومل اسلم) بلوچستان کےعلاقے پشین،کوئٹہ اورگردونواح میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ کراچی میں آج سے مغربی ہواؤں کے زیر اثر دوپہر کے درجہ حرارت میں کچھ حد تک اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کےعلاقے پشین میں شدید سردی، برفباری میں گیس اور بجلی دونوں غائب ہیں، سخت ٹھنڈ کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقے چمن اور گرد ونواح میں رات سے انتہائی ٹھنڈی ہوائیں اور بادل چھائے ہوئے ہیں،اس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے،وادی کوئٹہ میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا ،مستونگ ، شیلا باغ ، کان مہترزئی ، خانوزئی اورمسلم باغ میں برفباری بھی رات گئے تک جاری رہی ،برف باری کی وجہ سے شیلاباغ کے علاقے میں کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
این ایچ اے کے مطابق ژوب اور کوئٹہ شاہراہ پر بھی مختلف مقامات پر برف سے ٹریفک کی رفتار کم لیکن گاڑیوں کی آمدورفت بند نہیں ہوئی،لیویز فورس، پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی ٹیمیں شاہراہوں سے برف ہٹانے کی کارروائیوں میں مصروف رہیں،برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کے استعمال کے علاوہ نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا رہا۔
کان مہترزئی اور خانوزئی کے علاقوں میں برفباری زیادہ ہوئی،زیادہ برفباری سے ان علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ،بارش اور برفباری سے بلوچستان کے وسطی اور شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔
کراچی میں آج سے مغربی ہواؤں کے زیر اثر دوپہر کے درجہ حرارت میں کچھ حد تک اضافہ متوقع ہے،21 جنوری تک دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،رات کے اوقات میں 11 سے 15 ڈگری کے درمیان پارہ رہ سکتا ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق 22 جنوری سے سردی کی ایک نئی لہر کراچی کو متاثر کرسکتی ہے،اس وقت شہر میں موسم سرد ہے،موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے،شمال مشرق سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 41 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے, آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ خنک رات محسوس کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ جنگ بندی معاہدے پر آج سے عملدرآمد ،اسرائیل95 فلسطینیوں کو رہا کرے گا
لاہور میں موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے ، درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا امکان موجود نہیں،کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔