(امانت گشکوری)سپریم کورٹ آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس ڈی لسٹ جبکہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دائر بانی پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس ڈی لسٹ کر دیا گیا،20 اور 21 جنوری کو سماعت ڈی لسٹ ہونے کا نوٹس جاری کردیا گیا، آئینی بنچ میں شامل جسٹس شاہد بلال کی عدم دستیابی کے باعث کیس ڈی لسٹ کیا گیا، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ نے سماعت کرنا تھی۔
دوسری جانب انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دائر بانی پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ کل سماعت کرے گا ۔الیکشن کمیشن کیخلاف شیرافضل مروت کی درخواست پر بھی سماعت ہوگی۔
مزید براں ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز پر لیا گیا ازخود نوٹس بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیاگیا، اس کے علاوہ طلبہ یونینز پر پابندی کیخلاف دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ کل سماعت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:جوبائیڈن نےسزایافتہ 5افراد کو معافی دیدی