خورشیدشاہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ملتوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 4 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ،ان کے صاحبزادوں ایم پی اے سید فرخ شاہ، زیرک شاہ ،داماد صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ، دو بیگمات سمیت 17 ملزموں کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ سماعت عدالت کے جج فرید انور قاضی نے کی۔
اس موقع پر خورشید شاہ کو این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے ایمبولینس پر اور ان کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ کو سینٹرل جیل سے بکتر بند گاڑی میں عدالت لاکر پیش کیا گیا۔سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات رہے،اس دوران نیب کی جانب سے ریفرنسز کے گواہ عدالت میں پیش ہوئے جن سے خورشید شاہ اور دیگر ملزموں کے وکلاء نے کافی دیر تک جرح کی، ان کی جرح جاری تھی کہ عدالت نے سماعت چاراگست تک کے لئے ملتوی کردی۔
دوسری جانب سکھر میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر کوئی ایک الزام ثابت کریں، ٹی وی پر آکر استعفیٰ دے دوں گا، حکومت سوائے جھوٹ بولنے کے کچھ نہیں کر رہی۔ کشمیر کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ ہے، کشمیر الیکشن میں دھاندلی ہوئی توحکومت کو بھگتنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان مرزا کیس کے بعد ایک اور انسانیت سوز واقعہ۔۔ویڈیو وائرل