عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کا نیاگانا پاکستانی گانے کی نقل نکلا

Jul 19, 2022 | 12:49:PM

(ویب ڈیسک )بالی ووڈ میں پاکستان کے مشہور گانے چُرا کرانہیں اپنے انداز میں ری میک کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔پاکستانی گانوں کی بھارت میں مقبولیت کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہردورمیں معروف گانے ، ان کی دھنیں اور بعض اوقات تو پوری کی پوری میوزک ویڈیو ہی کاپی کرلی جاتی ہے۔تاہم اب بالی ووڈ کی مشہور جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی فلم ‘برہماسترا’ کا گانا ‘کیسریا’ کو پاکستانی گانے کی کاپی قرار دیا جارہا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اسٹارر ڈیبیو فلم ‘براہمسترا’ کا گانا ‘کیسریا’ 17 جولائی کو ریلیز ہوا ہے، اس گانے کے ریلیز ہوتے ہی لاکھوں لوگ اسے دیکھ چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی اس گانے میں کاپی کیٹ کا ٹیگ بھی لگ گیا ہے، دراصل اس گانے کے اوریجنل ورژن کو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے صارفین گانے کے کمپوزر پریتم چکرورتی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین ‘کیسریا’ کے دوسرے حصے ‘لو اسٹوریہ’ 20 سال سے زیادہ پرانے ‘لاری چھوٹی’ گانے کی نقل قرار دے رہے ہیں، ابھے دیول اور نیہا دھوپیا اسٹارر فلم ‘ایک چالیس کی لاسٹ لوکل’ (2002) میں ‘لاری چھوٹی’ سُنا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ‘لاری چھوٹی’ گانا پاکستانی میوزک بینڈ ‘کال’ کا گانا ہے، یہ بینڈ سال 2002 میں شروع ہوا اور آج بھی یہ بینڈ اپنے گانوں کی وجہ سے مشہور ہے۔گلوکار جنید خان اب اس بینڈ کی قیادت کر رہے ہیں، اس بینڈ کے دیگر اراکین میں ذوالفقار جبار خان اور سلطان راجہ شامل ہیں۔ اس سے قبل اس گروپ میں وقار خان، عمر پرویز، دانش جبار خان، ندیم، سنی، عثمان ناصر، شہزاد حمید اور خرم جبار خان شامل تھے۔

اس سے پہلے بھی موسیقار پریتم پر ایسے الزامات لگ چکے ہیں۔ کچھ صارفین نے یہ بھی بتایا کہ جب انہوں نے ‘کیسریا’ گانا سنا تو انہیں گزرے دن یاد آ گئے اور ان کے ذہن میں ‘لاری چھوٹی’ گانا چلنے لگا۔اس کے بعد صارفین نے دونوں گانوں کے کلپس کو یکجا کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا اور اسی حصے کے بول لو اسٹوریہ پر خود بھارتیوں نے تنقید کا نشانہ بناڈالا ۔

یاد رہے کہ آیان مکھرجی کی ہدایت کاری میں بنی فلم ‘براہمسترا’ اس سال 9 ستمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

مزیدخبریں