اسنیپ چیٹ نے 'ڈیسک ٹاپ' ورژن متعارف کرادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )امریکا کی معروف فوٹو شیئرنگ اور پیغام رسانی کی ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نے ڈیسک ٹاپ ورژن یعنی ویب ورژن متعارف کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسنیپ چیٹ نے فی الحال یہ سہولت امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے لیے متعارف کروائی ہے جس کے تحت صارفین اب اپنے لیپ ٹاپ پر بھی دوستوں کو پیغامات بھیج سکیں گے، ساتھ ہی تصاویر اور ویڈیو کالز بھی کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسنیپ چیٹ ارادہ رکھتا ہے کہ اس ورژن کو پوری دنیا میں متعارف کروانے سے قبل اسے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فرانس اور جرمنی میں بھی لانچ کروایا جائے۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق جلد ہی یہ فیچر پاکستان اور بھارت کے لیے بھی متعارف کرادیا جائے گا۔اسنیپ چیٹ کے ویب ورژن کے ذریعے آپ ناصرف پیغامات اور تصاویر بھیج سکیں گے بلکہ ویڈیو کالز بھی کرسکیں گے، اس کے علاوہ آپ کو ڈیسک ٹاپ پر وہ تمام فیچرز میسر ہوں گے جو آپ موبائل پر استعمال کرتے ہیں۔
اسنیپ چیٹ کے ویب ورژن تک رسائی کے لیے سب سے پہلے ڈیسک ٹاپ پر web.snapchat.com کھولنا ہوگا، اس میں اب اپنا یوزر نیم اور پاس ورڈ ڈالنا ہوگا جس کے بعد موبائل پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
ایک بار صارف لاگ ان ہوگیا تو پھر باآسانی تمام فیچر تک رسائی حاصل کرسکے گا۔