عبداللہ شفیق کی شاندار سنچری: گال ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) گال میں کھیلے جارہے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری بنالی ہے اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے۔
تفصیلات کے مطابق گال میں کھیلے جارہے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری اسکور کی ہے اور یہ ان کے کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے اور عبداللہ شفیق کے ساتھ کپتان بابر اعظم وکٹ 52 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
دونوں بلے بازوں کی پراعتماد بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان کا اسکور دو وکٹ کے نقصان پر 205 رنز ہے اور اسے جیت کے لیے مزید 137 رنز کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل امام الحق 35 اور اظہر علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کے درمیان 95 رنز کی پارٹنر شپ ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا اپنی دوسری اننگ میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے پاکستان کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل نے 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، وہ ناٹ آؤٹ رہے، کوشل مینڈس نے 76، اوشادا فرنینڈو 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز کامیاب ترین بولر رہے جنہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔