پی پی7میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ نہ ہوسکا

Jul 19, 2022 | 22:22:PM

(24نیوز)راولپنڈی کے حلقہ کہوٹہ پی پی7ضمنی انتخابات میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر ریٹرننگ آفیسر رائے بھٹی درخواست پر کوئی فیصلہ نہ کرسکے۔ رائے بھٹی نے دونوں امیدواروں کو گھر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ فون پر فیصلہ بتایا جائے گا، ابھی الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ گنتی ہوگی یا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے حلقے کہوٹہ پی پی 7 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی گئی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کرنل (ر) شبیر اعوان کی جانب سے ری کاونٹنگ کی درخواست دی گئی تھی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے 266 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ گنتی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پورے حلقے کے 266 پولنگ سٹیشن کی دوبارہ گنتی ممکن نہیں۔ کتنے پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کروانی ہے آپس میں مشاورت کر کے ہمیں بتادیں۔ ری کاونٹنگ کی درخواست پر سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کے بعد تمام امیدواروں کی قانونی ٹیم کو مشاورت کا وقت دے دیا گیا۔ مشاورت کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صرف مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ ہوگی۔ 1516 ووٹ مسترد ہوئے تھے جن کی گنتی کی جارہی ہے۔ پورے حلقے کے 266 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی نہیں ہوسکتی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ صغیر نے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر اعتراض اٹھایا اور ان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ دوبارہ گنتی نہیں ہونی چاہئے۔
پی ٹی آئی امیدوار کرنل ریٹائرڈ شبیر اعوان نے کہاکہ کہوٹہ میں 20 پولنگ اسٹیشن کے ووٹ ری اکاونٹ کئے جائیں جس کے بعد آر او نے الیکشن کمیشن سے قانونی مشاورت کے لئے سماعت میں دس منٹ کا وقفہ کر دیا۔ فریقین کے وکلاءدلائل مکمل ہونے کے بعد آر او نے فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے دوبارہ گنتی کی مخالفت کی گئی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار نے 266 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی کا مطالبہ کیا۔مسلم لیگ ن کی طرف سے ایڈووکیٹ سردار تیمور اسلم اور پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ روف صدیقی پیش ہوئے۔بعد ازاں راولپنڈی کے حلقہ کہوٹہ پی پی7ضمنی انتخابات میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر ریٹرننگ آفیسر درخواست پر کوئی فیصلہ نہ کرسکے۔ دونوں امیدواروں کو گھر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ فون پر فیصلہ بتایا جائے گا۔ ابھی الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ گنتی ہوگی یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:قومی اسمبلی میں واپسی، تحریک انصاف نے اہم بیان دیدیا

مزیدخبریں