دوران عدت نکاح کیس قابل سماعت قرار دینے کیخلاف عمران خان نے اپیل دائر کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دوران عدت نکاح کا کیس قابل سماعت قرار دینےکے فیصلےکیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی۔
خیال رہےکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نےگزشتہ روز عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیا تھا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج قدرت اللہ نےعمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کل 20 جولائی کو طلب کیا ہے۔
درخواست گزارکا موقف ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے نکاح کے وقت بشریٰ بی بی کی عدت مکمل نہیں ہوئی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح لاہور میں ہوا لیکن دونوں بنی گالا میں رہ رہے تھے، دونوں نے پہلے نکاح کے بعدکافی وقت بنی گالا میں گزارا۔
یاد رہےکہ نکاح خوان مفتی محمد سعید نے نکاح سے متعلق بیان 18جنوری 2023 کو دیا تھا،اپنے بیان میں مفتی سعید نے کہا تھا کہ جنوری 2018 میں لاہور ڈیفنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھایا، عون چودھری اور ذلفی بخاری بطور دو گواہان نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈالر رکھنے والوں کیلئے بری خبر، انٹربینک میں ریٹ گر گیا
مفتی سعید نے بیان میں کہا کہ انہوں نے نکاح سے قبل دریافت کیا کہ بشرٰی بی بی شرعی طور پر نکاح کے قابل ہیں یا نہیں، بشرٰی بی بی کے ہمراہ موجود خواتین کا جواب ملنے کے بعد ان کا نکاح عمران خان سے پڑھادیا۔
مفتی سعید نے بتایا کہ بعد میں مختلف ذرائع سے معلوم ہوا کہ بشرٰی بی بی نے سابقہ شوہر سے طلاق کے بعد عدت پوری نہیں کی جس کے بعد انہوں نے ایک ماہ بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوبارہ طلب کیا اور بشرٰی بی بی کا شرعی طور پر عدت پوری ہونے کے بعد دوبارہ نکاح پڑھایا۔