(24نیوز) گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے کی ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیاگیا،سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا سری لنکا میں قیدپاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئےتیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔