(24 نیوز)دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر آئی ٹی سسٹم میں خرابی،ائیر پورٹس،ریلوے سٹیشنز،سٹاک ایکسچینج بند ،کاروبار زندگی معطل ہوگیا ۔
برطانوی میڈیاکے مطابق آئی ٹی سسٹم میں خرابی آنے کی وجہ سے لندن اسٹاک ایکسچینچ میں کام معطل ہوگیا، ٹرین سروس بھی رک گئی،بینکس ، ائیرلائنز، ائیرپورٹس، میڈیا آؤٹ لیٹس میں کام معطل، سڈنی، بارسلونا، برلن کے ائیرپورٹس پر پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر سکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر متعدد ممالک میں ونڈوز ورک اسٹیشنز پر اسکرین آف ڈیتھ ایرر کی وجہ سے آف لائن ہوگئے۔
برطانیہ میں اسکائی نیوز چینل 19 جولائی کی صبح آف ائیر ہوگیا جبکہ آسٹریلیا کے میلبرن ائیرپورٹ کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا گیا کہ عالمی ٹیکنالوجی مسئلے کے باعث کچھ فضائی کمپنیوں کا چیک ان کا طریقہ کار متاثر ہوا ہے تو مسافروں کو چیک ان کرنے میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔
برطانیہ کی ایک ٹرین کمپنی کی جانب سے سے بھی آئی ٹی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے مسافروں کو ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہونے کا انتباہ دیا گیا،امریکا، آسٹریلیا اور کئی ممالک میں مائیکرو سافٹ کے سسٹم میں آنے والی اس خامی کے باعث پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
نیدرلینڈز میں بھی ائیرپورٹ آپریشنز اس کے باعث متاثر ہوئے ہیں،برطانیہ کےایڈنبرا ائیرپورٹ پر خودکار بورڈنگ پاس اسکینرز غیرفعال ہونے کے باعث مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی جا رہی ہے۔
چیک ری پبلک کےدارالحکومت پراگ میں بھی پروازوں کی روانگی اس تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہوئی،بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور ممبئی ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی،تکنیکی خرابی کےباعث اسپین کے مختلف ائیرپورٹس،ترکش ائیرلائن، آسٹریلین میڈیا اور بینکنگ آپریشنز متاثرہوچکے ہیں۔
ضرورپڑھیں:سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی
کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق دنیا کے متعدد حصوں میں بلیو اسکرین آف ڈیتھ ایرر کا سامنا صارفین کو ہوا ہے اور اس کی وجہ ابھی واضح نہیں،مگر بظاہر یہ مسئلہ کراؤڈ اسٹرئیک کی ہی ایک اپ ڈیٹ کے نتیجے میں ہوا ہے جس کے باعث ونڈوز کمپیوٹرز پر بلیو اسکرن آف ڈیتھ ایرر نظر آ رہا ہے اور وہ ری بوٹ بھی نہیں ہو رہے،کراؤڈ اسٹرئیک کے ماہرین کی جانب سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مائیکرو سافٹ نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا مگر اس کے سروس اسٹیٹس پیج پر کہا جا رہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔البتہ کمپنی نے دن کے آغاز پر کہا تھا کہ صارفین مائیکرو سافٹ 365 تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
پی ائی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال اور فعال ہے ،انٹرنیٹ کے متاثر ہوتے ہی پی آئی اے نے فضائی آپریشن متبادل نظام پر تبدیل کردیا تھا ،اس دوران لاہور پر ایک پرواز معمولی تاخیر کا شکار ہوئی مگر دیگر تمام آپریشن مکمل طر پر معمول کے مطابق ہے۔