مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں گی،الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ

Jul 19, 2024 | 16:49:PM

 (عثمان خان)مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں گی ،الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمدکے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو ایک سیاسی جماعت کی جانب سے بےجا تنقیدکا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی گئی اور کمیشن نے استعفے کے مطالبے کو مضحکہ خیز  قرار دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق کام کرتا رہے گا، الیکشن کمیشن نے کسی فیصلے کی غلط تشریح نہیں کی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کو درست قرار نہیں دیا تھا، اس کے خلاف پی ٹی آئی مختلف فورمز پرگئی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھاگیا۔

ضرورپڑھیں:’’اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے‘‘ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن درست نہیں تھے جس کے نتیجے میں بیٹ کانشان واپس لیا گیا لہٰذا الیکشن کمیشن پر الزام تراشی انتہائی نامناسب ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نشستیں پی ٹی آئی کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف (ن) لیگ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

مزیدخبریں