شوہر سے راضی نامہ، ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب نے کیس واپس لے لیا

Jul 19, 2024 | 18:19:PM

(24نیوز)ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر سے راضی نامے کے بعد عدالت میں بیان ریکارڈ کر ا دیا۔

تفصیلات کے مطابق عائشہ جہانزیب اپنے وکیل کے ہمراہ مقامی عدالت میں پیش ہوئیں اور بیان ریکارڈ کرایا جس دوران عدالت نے کہا کہ چہرہ دیکھ کر لگ رہا ہے یہ تو بہت ظلم ہوا ہے۔

عدالت نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اپنی مرضی سے آئی ہیں ؟ اس پر عائشہ جہانزیب نے کہا کہ جو بھی ہوا بہت ظلم ہے،کسی عورت کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، معززین نے جو بھی فیصلہ کیا میں اس کو مانتی ہوں۔

ٹی وی اینکر نے عدالت میں یہ بھی کہا کہ میں کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی، گواہوں کی موجودگی میں یہ فیصلہ ہوا ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ ضمانت کی حد تک منظورکیا جارہا ہے، بریت کا فیصلہ چالان پر ہوگا۔

واضح رہے کہ عائشہ جہانزیب نے شوہر پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ملزم حارث علی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

مزیدخبریں