وزیر اعظم کا امریکا کو پاکستان میں اڈے دینے سے صاف انکار

Jun 19, 2021 | 10:02:AM

 (24نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان افغانستان کے اندر کسی بھی طرح کی کارروائی کےلئے اپنے کسی بھی اڈے اور اپنی سرزمین کو امریکا کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دےگا۔
وزیر اعظم نے امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اس حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوے کہا کہ ہرگز نہیں، کسی بھی صورت ہم اپنے اڈوں کے استعمال کی اور نہ ہی پاکستانی حدود سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی اجازت دیں گے۔انٹرویو لینے والے جوناتھن سوان نے سوال کیا کیا آپ امریکی حکومت کو پاکستان میں سی آئی اے کی موجودگی کی اجازت دیتے ہیں تاکہ وہ القاعدہ کے خلاف سرحد پار انسداد دہشت گردی مشن چلائیں جیسے داعش یا طالبان؟۔وزیر اعظم نے جواب دیا ہرگز نہیں، ان کے واضح ردعمل پر حیرت میں آکر انٹرویو لینے والے نے وزیر اعظم سے ان کے رد عمل کی تصدیق کے لیے سوال کیا کیا واقعی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایسے کسی بھی امکان کو مسترد کر دیا تھا ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان میں امریکی ایئر بیس کے امکان کو رد کر دیا تھا۔ 
‏وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل کا اس حوالے سے جاری کئے گئے بیان میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا امریکی ٹی وی کو دیا گیا انٹرویو پیر کی صبح 3 بجے نشر ہو گا،انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔

یہ بھی پڑھیں:    مجھے گیم کھیلنے دیں ، ورنہ میں گھر نہیں رہوں گا

مزیدخبریں