(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر الیکشن سے قبل ہماری پارٹی کے لوگوں سے وفاداریاں تبدیل کرائی جا رہی ہیں،کشمیری عوام دیکھ رہے ہیں کس طرح وفاداریاں تبدیل کراکر لوٹے بنائے جارہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں 2018 میں لوٹے بنائے گئے جو اب اپنے حلقے میں بھی نہیں جا سکتے ،گلگت میں بھی جتنے لوٹے تھے سب الیکشن ہار گئے ،ان کاکہناتھا کہ یہ وزیر ہماری پارٹی کے ساتھ منسلک رہے مراعات لیتے رہے ،وفاداریاں تبدیل کرکے لوٹا بننے والوں کو کشمیری عوام نہیں مانتے ۔
قبل ازیں مریم اورنگزیب نے ملک بھر میں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے بڑے ویکسین مراکزمیں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی مجرمانہ غفلت ہے، اہداف کا واضح تعین کیوں نہیں کیاگیا؟ پیشگی ویکسین کی فراہمی کا بندوبست کیوں نہیں کیاگیا؟۔
ترجمان ن لیگ نے کہاکہ عمران صاحب بتائیں کہ وقت پر ویکسین کیوں نہیں منگوائی ، فراہمی میں تعطل کیوں آرہا ہے؟ عمران صاحب شہبازشریف کو ایف آئی اے کاسیاسی انتقام پر مبنی نوٹس بھجوانے سے کیاعوام کو کورونا ویکسین مل جائے گی ؟ان کاکہناتھا کہ عمران صاحب آج تک صوبوں کے ساتھ مل کر کورونا سے متعلق قومی حکمت عملی نہیں بناسکے ،ویکسین کی فراہمی کے حساس اور عوام کی زندگیوں کے معاملے پر بھی عمران صاحب انا، تکبر اور سیاسی انتقام میں مبتلا ہیں، جو شخص کوروناوبا اورویکسین پر صوبوں کے ساتھ مل کر نہیں بیٹھ سکتا، وہ ملک کونااہلی کے سوا کیا دے سکتا ہے ؟ ۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کی کرپشن، نااہلی ، بدانتظامی اور بیڈگورننس کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت ر ہے ہیں، عمران صاحب آٹا چینی دوائی کے بعد عوام کی ویکسین بھی کھاگئے، 1200 ارب کورونا ریلیف پیکج بھی عمران مافیا کی جیب میں چلاگیا، عوام کو ویکسین بھی نہ ملی 16 جون سے ویکسین موجود نہیں، ہسپتالوں سے لوگوں کو واپس بھیجاجارہا ہے، یہ ہے نیا پاکستان؟۔
انہوں نے کہاکہ صوبوں کو نہیں بتایا گیا تھا کہ وہ معاوضہ دے کر وفاق سے کب اور کیسے ویکسین خرید سکتے ہیں، یہ مجرمانہ نااہلی نہیں تو کیا ہے؟ اب عمران صاحب ہمیشہ کی طرح نئے بہانے بنارہے ہیں کہ ویکسین کی خریداری صوبائی معاملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس بار گرمیوں کی چھٹیاں ہونگی یا نہیں؟ سٹیئرنگ کمیٹی کا بڑا فیصلہ